حامد میر کا بھائی کلثوم نواز کے مدمقابل
Reading Time: < 1 minuteشنزہ نواز
سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن میں صحافی حامد میر کے بھائی بھی امیدوار ہیں۔ فیصل میر قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس حلقے سے ن لیگ کے ٹکٹ پر سابق خاتون اول کلثوم نواز امیدوار ہیں جبکہ دوسری جماعتوں میں تحریک انصاف کی یاسمین راشد سرفہرست ہیں۔ دوہزار تیرہ کے عام انتخابات کے دوران اس حلقے سے نوازشریف کا مقابلہ درجنوں امیدواروں نے کیا تھا جبکہ تحریک انصاف کی یاسمین راشد ہی ان کی اصل مدمقابل ثابت ہوئیں جنہوں نے باون ہزار تین سو اکیس ووٹ حاصل کیے تھے۔ نواز شریف نے اکیانوے ہزار چھ سو چھیاسٹھ ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ پیپلزپارٹی کے امیدوار زبیر کاردار کو صرف دوہزارچھ سو چار ووٹ ملے تھے۔ چوتھے نمبر پر جمعیت علمائے اسلام ف کے امیدوار مولانا ثناء اللہ تھے جنہوں نے ایک ہزار ایک سو باون ووٹ لیے تھے جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ سلمان بٹ نو سو باون ووٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے تھے۔
این اے ایک سوبیس مسلم لیگ ن کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہاں سے کسی بھی دوسری جماعت کیلئے جیتنا بہت مشکل ہوگا۔ ضمنی الیکشن میں اس حلقے پر کل ساٹھ امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کی سکروٹنی جاری ہے تاحال یاسمین راشد اور فیصل میر کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جاچکے ہیں۔