پاکستان

پاکستانی چینل اور پیمرا نے ’ٹوٹےِ‘ نشر کر دیے

اگست 17, 2017 2 min

پاکستانی چینل اور پیمرا نے ’ٹوٹےِ‘ نشر کر دیے

Reading Time: 2 minutes

نجی ٹی وی چینلز کو ضابطہ اخلاق اور قوانین پر عمل پیرا رکھنے کیلئے بنائے گئے ادارے پاکستان میڈیا ریگولیٹر اتھارٹی پیمرا نے سنسنی خیز ویڈیو جاری کی ہے۔ یہ ویڈیو نجی ٹی وی پر چلائی گئی تھی جس پر پیمرا نے کارروائی کرتے ہوئے اے آر وائے کمیونی کیشن کو انتباہ جاری کیا ہے۔ اسی طرح ’ہم ٹی وی‘ اور ’جیو‘ کو بھی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کرنے والا مواد نشر کرنے پر نوٹس انتباہ کیے گئے ہیں۔ پیمرا کی جانب سے وارننگ جاری کیے جانے کے بعد پیپلز پارٹی کی سینٹر شیری رحمان اور صحافی زاہدحسین نے ادارے کو سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کیا اب یہ فیصلہ بھی پیمرا کرے گاکہ ڈراموں میں کس طرح کا لباس پہننا چاہیے اور کون سا مواد شائستہ ہے اور کون سا ناشائستہ۔ اس تنقید کے جواب میں پیمرا نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک تفصیلی وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ٹی وی چینلز کو ڈراموں کے لباس نہیں بلکہ پیمرا قانون کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی پر انتباہ جاری کیے گئے ہیں۔ پیمرا کی پریس ریلیز کے مطابق ٹی وی چینلز کو ضابطہ اخلاق کی ان شقوں کی خلاف ورزی پر انتباہی نوٹس دیے گئے جن میں کہا گیا ہے کہ لائسنس دار اس امر کو یقینی بنائے گا کہ ایسا مواد نشر نہ ہو جو نازیبا، اخلاق باختہ یا فحش ہو، یا بچوں پر منفی اثرات مرتب کرنے والا، یا ان کی پریشانی کا باعث بننے والا ہو۔ اسی طرح لائنس دار اس امر کو بھی یقینی بنائے گاکہ کوئی ایسا مواد نشر نہ کیا جائے جو سگریٹ، شراب نوشی اورمنشیات کے استعمال کو پرکشش بنائے یا اسے خواہش کے طور پر پیش کرے۔
پیمرا نے شیری رحمان اور زاہد حسین سمیت دیگر ٹوئٹر استعمال کرنے والے صارفین کیلئے وہ سنسنی خیز ویڈیوز بھی جاری کی ہیں جن ان ٹی وی چینلز نے نشر کی تھیں۔ اے آر وائے کی جانب سے نشر کی گئی ویڈیو انگریزی ڈرامے کی ہے جس میں انسانی جنسی اعضاءکے کھلونے دکھائے گئے ہیں اور ایک اداکارہ اور اداکار کے مساج کا سین شامل کیاگیاہے۔ ہم ٹی وی پر ایک طوائف، اس کی ماں اور اس کے گاہک کے مکالمے نشر کیے گئے ہیں جن کو پیمرانے ٹوئٹر بھی ’ٹوٹے‘ کی صورت میں جاری کیا ہے۔ جیو ٹی وی کے کسی شو کی اسکرین شاٹس پیمرا نے ٹوئٹر پر جاری کیے ہیں جن میں ایک شخص شراب کی بوتلیں میز پر رکھے کھڑا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے