جب تک پہلا بم نہیں گرتا
Reading Time: < 1 minuteامریکی وزیر خارجہ بم گرنے سے پہلے تک سفارت کاری کے ذریعے شمالی کوریا کے ساتھ تنازعے کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ ریکس ٹلرسن نے امریکی ٹی وی چینل سی این این کو بتایا کہ جب تک پہلا بم نہیں گرتا سفارت کاری جاری رہے گی۔ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے ساتھ تنازعے کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ریکس ٹلرسن سے کہا تھا کہ شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان کے ساتھ بات چیت کی چاہ میں زیادہ وقت ضائع نہ کریں۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پابندیوں اور سفارت کاری نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خلاف پہلی بار بین الاقوامی سطح پر اس قدر اتفاق رائے پیدا کیا ہے۔ اپنے انٹرویو میں ریکس ٹلرسن نے ایک بار پھر اس بات پر کچھ کہنے سے انکار کیا کہ آیا انھوں نے جولائی میں پینٹاگون میں ہونے والی میٹنگ میں صدر ٹرمپ کو ‘کم عقل’ کہا تھا۔ ٹلرسن نے جواب میں کہا کہ ہم اس چھوٹی بات پر کچھ نہیں کہیں گے ۔ ٹلرسن نے کہا کہ وہ اس سوال کا جواب دے کر سوال کی اہمیت میں اضافہ نہیں کرنا چاہتے ۔