قبضہ مافیا کے ہاتھوں قتل
Reading Time: 2 minutesسندھ اور پنجاب میں جاگیرداروں اور وڈیروں کے ہاتھوں غریب ہاریوں اور کسانوں کے قتل کی باتیں اب کہانیاں بن گئی ہیں، بڑے شہروں میں ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے زمین کا حصول ہر قیمت پر جائز بنا دیا گیا ہے خواہ بے گناہوں کا خون ہی بہانا پڑے_
اسلام آباد کے تھانہ سہالہ کے علاقے میں ڈی ایچ اے اور بحریہ ٹائون انتظامیہ کی جانب سے شہری کی اراضی پر قبضہ کی کوشش کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون اور زخمیوں کا مقدمہ فوج کے ریٹائرڈ افسران سمیت 5افراد کے خلاف درج کر کے ابتدائی تفتیشی رپورٹ پولیس کے اعلیٰ حکام کو بھجوا دی گئی ۔ تھانہ سہالہ پولیس کو ہمک کے گائوں ڈھوک کینال کے رہائشی طارق نے تحریری درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ مال مویشی اور زمینداری کرتا ہے ، اس کی اہلیہ معروف بی بی ،عنصر محمود، عبد الرئوف اپنی ملکیتی زمین رقبہ خسرہ نمبر2265جو کہ تقریبا70 کنال پر مشتمل ہے جو کہ ملحقہ DHA/2 اسلام آباد ہے پر مال مویشی چرا رہے تھے کہ اس دوران کرنل ریٹائرڈ وسیم مسلح کلاشنکوف کرنل ریٹائرڈ خلیل مسلح کلاشنکوف ، گل زمان مسلح پسٹل 30بوربشیر عالم مسلح ڈنڈا ہو کر 17 نامعلوم افراد کے ساتھ آئے اورزمین پر ٹریکٹر کے ساتھ بلیڈ لگانا شروع کر دیاعنصر محمود نے ان کو روکا جس پر بشیر عالم نے سر پر ڈنڈہ مارا جس سے وہ زخمی ہو گیا موقع پر موجود معروف بی بی نے شور کیااورناجائز قبضہ کرنے کی کوشش پر احتجاج کیا تو ڈی ایچ اے کے لینڈ سپر وائزر گل زمان نے کہا کہ اسے زندہ مت چھوڑو ہم نے ہر صورت پر قبضہ کرنا ہے جس پر کرنل ریٹائرڈ وسیم نے معروف بی بی کو گولی ماری جو اس کے پیٹ پر لگ گئی ۔بعد ازاں بحریہ ٹاون کے کرنل ریٹائرڈ خلیل نے گولی ماری جو اس کی چھاتی پر لگی ، ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے پھر فائرنگ کی جبکہ معروف بی بی ہسپتال لے جاتے ہوئے راستہ میں جاں بحق ہو گئی ملزمان نے مذکورہ واقعہ لینڈ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے کرنل ریٹائرڈ اعجاز ،برگیڈئیر ابراہیم بحریہ ٹائون کے لینڈ ڈائریکٹر حاجی امجد کی ایما پر کیا ہے ۔واقعہ سے متعلق پولیس نے مقدمہ درج کر کے ابتدائی تفتیشی رپورٹ پولیس کے اعلیٰ حکام کو بھجوا دی ہے جبکہ تفتیش ہومی سائیڈ یونٹ کو منتقل کر دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ اراضی سے متعلق مقدمہ اسلام آباد کی سول عدالت میں بھی زیر سماعت ہے ۔