پاکستان

ایران ۔ سعودی لڑائی نہیں ہوگی

دسمبر 19, 2017 2 min

ایران ۔ سعودی لڑائی نہیں ہوگی

Reading Time: 2 minutes

فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی ہے، ان کے ساتھ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی موجود تھے ۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی زیرصدارت اجلاس 4 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا، اجلاس میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی سلامتی اور اپنے بیرون ملک دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے ۔ یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو قومی سلامتی سے متعلق بند کمرے کے اجلاس میں بریفنگ دی گئی ہو۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے دورہ ایران سے متعلق سینیٹ کو بتایا ہے ۔ انہوں نے سجنٹ کی کمیٹی کو قومی سلامتی کے امور اور اپنے افغانستان کے دورے کے سے متعلق بریفنگ دی ۔

سینیٹ کمیٹی کا اجلاس بند کمرے میں ہوا اور آرمی چیف کی بریفنگ کے بعد سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا ۔ سربراہ پاک فوج کی بریفنگ کے لئے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی سلامتی سمیت علاقائی سیکورٹی سے متعلق سینیٹ کی کمیٹی کو آگاہ کیا۔ اجلاس کے بعد کچھ سینٹرز نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں کو بتایا کہ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 41 ملکی اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں، اتحاد کے ٹی او آرز ابھی طے ہونا باقی ہیں، ایران اور سعودی عرب کی لڑائی نہیں ہوگی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پارلیمنٹ دفاع اور خارجہ پالیسی بنائے، ہم عملدرآمد کریں گے۔ سینٹرز نے کہا کہ ایک سوال پر جنرل قمر جاوید نے جواب دیا کہ ٹی وی پر تبصرہ کرنے والے ریٹائرڈ افسران ہمارے ترجمان نہیں، جو لوگ ٹی وی پر ہمارے ترجمان بنتے ہیں ہمارا ان سے کوئی تعلق نہیں۔

اجلاس کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفورنے میڈیا کو بتایا آرمی چیف نے سینیٹ کمیٹی کو قومی سلامتی اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق تمام ارکان سوال نہیں کرسکے، کچھ ارکان کے سوالات تھے آرمی چیف نےجواب دے کر تحفظات دور کیے۔ طویل انتظار کے لیے ڈی جی آئی ایس پی آر نے صحافیوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ تفصیلی پریس کانفرنس تین چار دن میں کروں گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے استقبال کیا۔ اجلاس سے پہلے آرمی چیف نے چیئرمین سینیٹ رضاربانی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جبکہ اعتزاز احسن اور راجا ظفر الحق بھی فوج کے سربراہ سے ملے ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے