شادی کی خبر نجی معاملہ کیوں؟
Reading Time: < 1 minuteتحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی شادی کی خبر کے بعد ان کے ترجمان کی جانب سے بیان جاری کیا گیا لیکن سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس اور واٹس ایپ گروپوں میں زبردست قسم کی ہلچل نظر آ رہی ہے _
ہر ایک اپنی افتاد طبع کے مطابق تبصرے داغ رہا ہے، ایسے میں کسی کو اخلاقیات یاد آ رہی ہیں تو کوئی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے _
عمران خان کے چاہنے والے عجیب کشمکش میں مبتلا ہیں اور اس خبر کو کردار کشی قرار دیتے ہیں _ عمران خان کے ترجمان کی جانب سے خبر شائع کیے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے نجی معاملہ قرار دیا گیا ہے اور خبرنگار اور ادارے پر تنقید کی گئی ہے مگر دلچسپ امر یہ ہے کہ خبر میں خاتون بشری اور ان کے خاندان کا نام نہیں تھا جبکہ تحریک انصاف کے لیٹر ہیڈ پر جاری کیے گئے بیان میں بشری بی بی، ان کے خاندان اور بچوں کا ذکر ہے _
سوشل میڈیا پر لوگ سوال کر رہے ہیں کہ جب تحریک انصاف کے مطابق یہ نجی معاملہ ہے تو پارٹی کے لیٹر ہیڈ کو کیوں استعمال کیا گیا اور جس خاتون کی نجی زندگی کا خیال رکھنے کے لیے کہا جا رہا ہے جب خبر میں اس کا نام نہیں تھا تو پارٹی کے رہنما کے ترجمان نے آفیشل کاغذ پر اس کا نام کیوں لکھا _