توہین عدالت: طلال چودھری پیش
Reading Time: < 1 minuteسپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں طلال چودھری توہین عدالت کیس کی سماعت کی _ طلال کے وکیل کامران مرتضی نے عدالت سے استدعا کی کہ تقریر کا متن مل چکا ہے، سی ڈی بھی فراہم کی جائے _
پاکستان 24 کے نامہ نگار کے مطابق عدالت میں وکیل کامران مرتضی نے کہا کہ ابھی تک متعلقہ مواد نہیں ملا، جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ گزشتہ حکم پر متن فراہم کر دیا گیا تھا _ وکیل نے کہا کہ سی ڈی نہیں ملی، متن سے معلوم نہیں ہوتا کہ توہین آمیز چیز کیا ہے، اصل چیز سی ڈی ہے _
جسٹس اعجاز افضل نے انگریزی کے مشکل محاورے استعمال کرتے ہوئے کہا کہ کیسے ممکن ہے کہ بولنے والے کو معلوم نہ ہو اس نے کیا کہا؟ انہوں نے وکیل سے پوچھا کہ میرے خیال ہے آپ سمجھ گئے ہوں گے کیا کہہ رہے ہیں؟ ۔ وکیل اور صحافی شاید کچھ نہ سمجھ پائے تو جسٹس اعجاز افضل نے شعر پڑھا کہ
خضر کیا بتائے، کیونکر بتائے
اگر ماہی کہے دریا کہاں ہے
چیف جسٹس نے کہا کہ سماعت کل تک ملتوی کرتے ہیں ۔ وکیل نے کہا کہ کل کا دن نہیں پرسوں کا دن رکھیں، سی ڈی ایک دن میں نہ ملی تو پہر کیا ہوگا ۔ جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ آپ کو پہلے بھی زیادہ وقت دے چکے ہیں ۔
وکیل نے کہا کہ میرے موکل 8 مارچ کو یہاں نہیں موجود نہیں، سماعت 9 مارچ تک ملتوی کریں ۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ 9 مارچ کو بنچ موجود نہیں ۔ سماعت 8 مارچ کو ہی ہوگی ۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ اگر آپ کا موکل 8 مارچ نہیں آ سکتا تو کوئی بات نہیں _