ریلوے کا خسارہ کم کر دیا
Reading Time: 2 minutesوفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے دعوٰی کیا ہے کہ ریلوے کا خسارہ کم کر دیا، آمدن بھی 50 ارب تک پہنچ گئی، ہم رب اور عوام کو تو راضی کرسکتے ہیں ہر کسی کو راضی کرنا بس میں نہیں، وقت آنے پر سب پتہ چل جائے گا، ڈینگیں مارنے کا شوق نہیں، طعنوں کے میڈل سیاستدانوں کو ملتے ہیں، آپسی کھینچا تانی جاری رہی تو ترقی کا سفر ممکن نہیں _
راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر خیبر تا کراچی براستہ لاہور راولپنڈی اپ گریڈ خیبر میل کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ خیبر میل سے کم از کم روزانہ5000 ہزار مسافر اس سے استفادہ کرتے ہیں، اس ٹرین کو اپ گریڈ کردیاگیا، حکومتیں آتی اور جاتی رہیں لیکن ریلوے پر انویسٹمنٹ کبھی نہیں ہوئی، 18 ارب روپے کماتے تھے اور ساڑھے تیس ارب خسارہ تھا آج آمدن اس سال50 ارب ہوجایے گی اور خسارہ 35 ارب ہے ،
خواجہ سعد رفیق کا صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہناتھا کہ ہم شفاف کلچر اور اقربا پروری سے پاک کلچر چھوڑ کر جارہے ہیں، سیاسی طعنوں کے میڈل سیاستدانوں کو پہلے بھی ملتے رہے ہیں، اگر کھینچا تانی شروع رہی تو صرف دائرے کا سفر ہی کرتے رہیں گے ، ہمارا کام رب کو راضی کرنا اور پھر عوام کو راضی رکھنا ہے، ہر بندے کو راضی نہیں کیا جاسکتا، امید پہ دنیا قائم ہے، وقت سے پہلے ڈینگیں مارنے کی عادت نہیں ہے
انکا مزید کہنا تھا کہ ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہوتا جائے گا تو خسارہ ختم ہو جائے گا لیکن یہ کام 5 سال میں مکمل نہیں ہوسکتا ہے،ہم 5 سال میں 65 سال کا کام نہیں کرسکتے اس لیے 15 سال مسلسل کام کرنے کی ضرورت ہے، ریلوے کی بحالی کے لئے بیرونی سرمایہ کاری کی بھی ضرورت ہے ،