الیکشن کمیشن،وزیراعظم اور خلائی مخلوق
Reading Time: < 1 minuteالیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات کرانا کسی خلائی مخلوق کی نہیں، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے وزیر اعظم کا بیان آئین اور الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کے خلاف ہے، ایسے بیانات محض قیاس آرائیوں اور مفروضوں پر مبنی ہیں ۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے عام انتخابات اور نگران حکومت کے بارے میں بیان پر الیکشن کمیشن نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کوئی خلائی مخلوق نہیں کروا رہی، اس کی تر دید کرتے ہیں، الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018 کیلئے مکمل تیار ہے، آئین و قانون کے تحت الیکشن کمیشن ذمہ داریوں میں مکمل آزاد ہے ۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ایسا بیان آئین کے منافی ہے، اہم منصب پر فائز شخصیات ایسے بیانات سے گریز کریں، ایسے بیانات آئین کے منافی اور آئین کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہیں ۔ ترجمان نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن ملک میں صاف، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا ۔
یاد رہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا انتخابات نگران حکومت نہیں خلائی مخلوق کرائے گی لیکن ہم پھر بھی حصہ لیں گے، امید ہے انتخابات شفاف ہوں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کل بھی تھے، آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے ۔
وزیرِاعظم نے کہا نگران وزیرِاعظم کے لیے ریٹائرڈ شخصیت کے نام پر بھی غور ہو سکتا ہے تاہم ابھی تک کسی ریٹائرڈ جنرل کے نام پر غور نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک کسی جماعت کی جانب سے کوئی نام نہیں ملا، صحافی بھی تین نام دے دیں، اس پر غور کریں گے ۔