پاکستان

انڈیا نے صرف دکھانے کے لیے حملہ کیا، وزیر دفاع

فروری 26, 2019

انڈیا نے صرف دکھانے کے لیے حملہ کیا، وزیر دفاع

پاکستان کے وزیردفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ انڈیا نے صرف دکھانے کے لیے حملہ کیا ہے اس کو جواب ضرور ملے گا ۔ 


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ ‘صبح جو حملہ ہواہے ، یہ تقریبا چار پانچ کلومیٹر اندر آئے اور انہوں نے بم پھینکا ہے، ہماری ائرفورس تیار تھی مگر چونکہ رات کا وقت تھا پتہ نہیں چلا کہ کتنا نقصان ہوا۔’ 


وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ اسی لیے ہماری ائر فورس نے انتظار کیا، اب واضح ہدایات مل چکی ہیں، ‘اور ان شا اللہ اگر آگے ایسی حرکت ہوگی تو ایکشن لیا جائے گا۔’


پرویز خٹک نے کہا کہ کئی چیزیں میڈیا کو نہیں بتا سکتے لیکن (انڈیا کو) جواب ضرور ملے گا ۔


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ ‘جو کچھ وزیردفاع نے کہا اس میں اضافہ کرنا چاہوں گا کہ ہماری ائر فورس مکمل تیار تھی، اور ہم ہر طرح کے امکانات کے لیے تیار ہیں۔’


ان کا کہنا تھا کہ انڈین طیارے مختلف اطراف سے آ رہے تھے، ابھی اس کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتا۔ ‘ہماری ائرفورس نے روکا،کچھ جہازوں نے اندر داخل ہو کر فائر کیا، وہ دو بج کر پچپن منٹ پر آئے اور دو بج کر اٹھاون پر چلے گئے۔’


وزیر دفاع پرویز خٹک نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ‘میں نے یہ نہیں کہا کہ حملے کا پتہ نہیں چلا، ہلاکتوں کا پتہ نہیں چلا، اب پتہ چل گیا ہے۔’

انہوں نے کہا کہ انڈیا نے صرف دکھانے کے لیے حملہ کیا ہے اور جھوٹ بول رہے ہیں کہ وہاں کوئی مدرسہ تھا ۔  وزیردفاع نے کہا کہ ‘سچائی سامنے آگئی ہے، اب فیصلہ ہوگا۔’


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی جانب سے انڈین طیاروں کو مار نہ گرانے پر سوال کرنے والے صحافیوں سے کہا کہ اس طرح کے سوال نہ اٹھائیں، آپ بھی پاکستانی ہیں ۔

 شاہ محمود نے کہا کہ ‘پلیز، یہ وقت ہے کہ آپ اپنی فوج کی صلاحیت اور ائرفورس کی تیاریوں پر سوال نہ اٹھائیں۔’

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے