بلوچستان میں برفباری اور سیلاب
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں شدید بارشوں سے کئی علاقے سیلاب کی زد میں ہیں ۔ صوبے میں برفباری کی وجہ سے کئی شاہراہیں بند ہوگئی ہیں اور سینکڑوں مسافر پھنس گئے ہیں ۔
صوبائی حکومت کے مطابق خضدار اور قلعہ عبد اللہ میں مسلسل بارش کی وجہ سے مکانات گرنے کے باعث دو سے افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں ۔
کوئٹہ ژوب، کوئٹہ کراچی اور کوئٹہ سے جیکب آباد ہائی وے پر برفباری کی وجہ سے کئی مقامات پرٹریفک معطل رہی جبکہ ان علاقوں میں پھنسے ہوئے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ رابطہ سڑکوں کو کھولنے کے علاوہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی امداد کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
پشین کے نواحی دیہات میں سڑکیں سیلابی ریلے میں بہنے سے رابطے ختم ہوگئے ہیں اور علاقے میں خوراک اور تیل کی قلت پیدا ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
جمعہ کی شام کو صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا شروع ہونے والا سلسلہ اتوار کی صبح کو بھی جاری رہا۔
بلوچستان میں چندروز قبل بھی قلات اور کیچ ڈویژن کے پانچ اضلاع میں 8ہزار خاندان سیلاب سے متاثر ہوئے تھے۔

