نیب خودکشی کی وجہ بن گیا، چیف جسٹس
عفت حسن رضوی
پاکستان کے چیف جسٹس آصف سعید نے قومی احتساب بیورو کے پراسیکیوٹر سے کہا ہے کہ لوگ نیب کے دباؤ کے باعث خودکشیاں کررہے ہیں ۔
سپریم کورٹ میں نواز شریف کی درخواست ضمانت کے دوران ان کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں کہا کہ نواز شریف دل کے مریض ہیں، اور دل کی بیماری کے علاج کے لیے ان کا ذہنی دباؤ سے باہر نکلنا ضروری ہے.
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ذہنی دباؤ پر ریمارکس دیئے کہ ہر قیدی ذہنی دباؤ سے باہر آنا چاہتا ہے، یہاں تک کہ جن کے ٹرائل نہیں چل رہے وہ بھی اسٹریس میں ہیں.
چیف جسٹس کھوسہ نے کہا کہ اکیسویں صدی کا مرض ہی اسٹریس ہے.
چیف جسٹس نے ازراہ مذاق نیب کے وکیل سے کہا ‘آپ کا ہر ملزم بیمار کیوں ہوجاتا ہے؟’ کیا آپ اتنے ظالم ہیں؟ جو ریکوری کے پیسے ملتے ہیں ان سے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنادیں. نیب کے دباؤ کے باعث لوگ خودکشیاں کررہے ہیں ۔
چیف جسٹس نے خودکشی کرنے والے سابق افسر اسد منیر کا نام لیے بغیر کہا کہ ہم وہ معاملہ دیکھ رہے ہیں.

