متفرق خبریں

زرداری کی ’کیش ضمانت‘

مارچ 28, 2019

زرداری کی ’کیش ضمانت‘

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی ہائی کورٹ نے سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی قبل از گرفتاری کی ضمانت کے لیے دائر درخواستیں منظور کرتے ہوئے دونوں کو دس دس لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

آصف زرداری اور فریال تالپور نے گرفتاری سے قبل ضمانتیں جعلی بینک اکاؤنٹس سے مبینہ طور پر اربوں روپے بیرون ملک سمگل کرنے کے مقدمات میں حاصل کی ہیں۔

ہائیکورٹ نے آصف زرداری اور ان کی بہن کو دس اپریل تک ضمانت دیتے ہوئے قومی احتساب بیورو کو نوٹس جاری کیے ہیں کہ وہ ان درخواستوں پر اپنا جواب جمع کرائے ۔

جمعرات کو جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے ملزمان کی طرف سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں کی سماعت کی ۔

زرداری اور فریال کے وکیل فاروق نائیک نے ضمانت ملنے پر عدالت سے استدعا کی کہ وہ دس دس لاکھ کے ضمانتی مچلکے جائیداد کے کاغذات کے بجائے کیش یعنی نقدی کی صورت میں جمع کرائیں گے تو ججز اور عدالت میں موجود افراد مسکرا دیے ۔
اس سے قبل وکیل فاروق نائیک نے دلائل میں کہا کہ درخواست گزاروں کو مختلف مقدمات میں قومی احتساب بیورو کی طرف سے تین سمن جاری کیے گئے ہیں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو خدشہ ہے کہ نیب کے حکام کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرسکتےہیں اس لیے پہلے مرحلے میں عبوری ضمانت قبل از گرفتاری دی جائے جبکہ عدالت حکم دے کہ نیب کا ٹرائل مکمل ہونے تک دونوں کو گرفتار نہ کیا جائے ۔

عدالت نے ابتدائی طور پر دس اپریل تک ضمانت منظور کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو کو نوٹس جاری کیا ہے ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے