متفرق خبریں

جرنیلوں کا مقدمہ پھر ملتوی

اپریل 26, 2019

جرنیلوں کا مقدمہ پھر ملتوی

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں احتساب عدالت نے ریلوے اراضی کو غیرقانونی طریقے سے لیز پر دینے کے ریفرنس کی سماعت ایک بار پھر بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی ہے ۔

اسی مقدمے میں سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کے تحت سماعت مکمل کر کے فیصلہ بھی محفوظ کیا ہے ۔ جہاں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ ’عدالت عظمی ہی اس مقدمے کا حتمی حکم سنائے کیونکہ نیب میں ہمت نہیں کہ سابق جرنیلوں کے خلاف تفتیش کر کے مقدمہ چلا سکے۔‘

جمعہ کو عدالت میں قومی احتساب بیورو کے تفتیشی افسر نے ایک بار پھر مہلت طلب کی ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ بیرون ملک چلے جانے والے ملزمان کی تفصیلات ابھی تک حاصل نہیں کی جا سکیں ۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں لاہور کی ریلوے اراضی کو غیرقانونی طریقے سے گالف کلب کو لیز پر دینے کے ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔

ریفرنس میں نامزد ملزم لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ جاوید اشرف قاضی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ملائیشیا میں مقیم تین ملزمان تیسرے نوٹس کے بعد بھی پیش نہ ہوئے۔

تفتیشی افسر کی جانب سے بیرون ملک مقیم ملزمان کی تفصیلات کی فراہمی کیلئے مزید وقت مانگا گیا ۔

نیب کے تفتیشی افسر نے موقف اپنایا کہ وقت کی کمی کے باعث تیاری مکمل نہیں ہوسکی۔ عدالت نے کیس کی سماعت بھی 20 مئی تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ کرپشن کے اس ریفرنس میں گذشتہ پانچ سال میں پیش رفت نہیں ہو رہی ۔

گذشتہ سماعت پر سابق فوجی افسران لیفٹیننٹ جنرل ر جاوید اشرف قاضی، لیفٹیننٹ جنرل سعید الظفر اور میجر جنرل حامد بٹ اور سمیت دیگر ملزم افسران عدالت میں پیش ہوئے تھے جبکہ بریگیڈئر ر اختر علی بیگ اور ایک اور ملزم بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہ ہوئے ۔

جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے تھے کہ ملزمان کی طلبی کے لیے عالمی اخبارات میں اشتہار دے دیتے ہیں ۔

واضح رہے کہ کرپشن کے اس ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کر رہے ہیں – اس عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا ٹرائل چند ماہ میں مکمل کر کے فیصلہ سنایا گیا تھا ۔


آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے