جج کو کرسی مارنے والا وکیل گرفتار
پاکستان کے شہر فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں مقامی عدالت کے ایک جج پر مبینہ طور پر کرسی سے حملہ کرنے والے وکیل کو پولیس نے حراست میں لیا ہے ۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم وکیل عمران منج کے خلاف مقدمہ پہلے ہی درج کیا جا چکا ہے ۔
جڑانوالہ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد گرفتاری کے لیے چھاپے مارے گئے تھے ۔
جمعہ کو جڑانوالہ کی ایک عدالت میں معمولی تلخ کلامی کے بعد وکیل عمران منج نے مبینہ طور پر جج خالد محمود وڑائچ کو کرسی اٹھا کر دے ماری تھی جس سے ان کے سر پر زخم آئے تھے ۔
اس واقعہ کے بعد تحصیل جڑانوالہ میں ماتحت عدلیہ کے ججوں نے ہڑتال کر دی تھی ۔
تحصیل بار جڑانوالہ نے اپنے ابتدائی بیان میں وکیل عمران منج کی مذمت کرتے ہوئے ان سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا ۔

ملزم وکیل کے خلاف انضباطی کارروائی اور وکالت کا لائسنس منسوخ کرانے کے لیے پنجاب بار کونسل سے بھی رجوع کیا گیا ہے۔
ادھر سوشل میڈیا پر جڑانوالہ کے بعض وکیلوں نے ملزم وکیل کا دفاع کیا ہے جبکہ ماتحت عدلیہ کے ججوں کے رویے کو غلط قرار دیتے ہوئے ان کی اہلیت پر بھی سوال اٹھائے ہیں ۔

