پاکستان پاکستان24

ہم روحانیت کو سپر سائنس بنائیں گے، وزیراعظم

مئی 5, 2019

ہم روحانیت کو سپر سائنس بنائیں گے، وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ روحانیت کو سپر سائنس بنائیں گے ۔ 


پنجاب کے ضلع جہلم کے علاقے سوہاوہ میں القادر یونیورسٹی کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بہت کم لوگوں کو پتہ ہوگاعبدالقادر جیلانی نے سائنس، روحانیت  اور اسلام کا تعلق جوڑا تھا۔ 

عمران خان نے کہا کہ ‘ہم بھی اسلام اور روحانیت کا سائنس کے اندر ایک کنکشن کریں گے کہ سائنس کیسے اسلام کے ساتھ چلتی ہے۔’

وزیراعظم  نے روحانیت کا لفظ تین بار غلط بولا اور پھر ہنس کر اس پر معذرت بھی کی ۔ 


عمران خان نے کہا کہ ‘اور روحنیت۔۔’ پھر ہاتھ میں اٹھایا ہوا پرچہ دیکھ کر کہا کہ ‘میں آپ کو ایک اور بات بتادوں، کہ ہم اس کو جو روحنیت ہے۔۔ کسی نے آواز دے کر تصحیح کی تو عمران خان نے ان کی جانب دیکھتے ہوئے ہنس کر کہا کہ سوری، روحانیت، روحانیت ۔۔ ہم اس کو سپر سائنس بنائیں گے ۔ ‘کیونکہ ایک بہت بڑا مسلمان صوفی تھا اس کا نام ابن عربی تھا ۔ 


وزیراعظم نے ہاتھ میں پکڑتے پرچے میں سے پڑھتے ہوئے کہا کہ’اس جگہ کو ترقی کا پہاڑ کہا جاتا ہے اور یہاں ایک بابانورالدین تھے، ستر سال پہلے یہاں انہوں نے چلہ کاٹا تھا۔ وہ بہت بڑے روحانی تھے۔’

انہوں نے کہا کہ یہ جو القادر یونیورسٹی ہے۔ ‘یہ روحانیت کے سپہ سالار عبدالقادر جیلانی کے نام پر یونیورسٹی بنائی جا رہی ہے ۔ ‘

تقریب میں پنجاب کے وزیراعلی عثمان بزدار، وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری ، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری اور دیگر موجود تھے ۔ 


وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اس کے بنانے والوں کے امنگوں کے مطابق نہ ڈھالا جا سکااس لیے ٹوٹ گیا۔ ‘یہ نہیں کہ ہم کہتے ہیں کہ ہندوستان نے توڑ دیا، ہاں اس نے تو کوشش کرنی تھی۔ جب ہم نے موقع دیا انہوں نے تو فائدہ اٹھانا تھا ۔’

انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے مشرقی پاکستان میں اپنے لوگوں کو انصاف نہیں دیا، فاٹا کے لوگوں کی بری حالت ہے،ان کی ہم نے مدد کرنی ہے ۔ اندرون سندھ میں ستر فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں۔بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بھی لوگ پیچھے رہ گئے ہیں ۔’


آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے