نواز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت
Reading Time: 2 minutesپاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے دائر کی گئی درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی ۔
ہائیکورٹ نے دو روز قبل دائر کی گئی سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے ۔
درخواست پر سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ کرے گا ۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کیا تھا جبکہ العزیزیہ میں سات سال قید کی سزا اور دو کروڑ پچاس لاکھ ڈالر جرمانہ بھی کیا ۔ نواز شریف اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں ۔
اس مقدمے کے فیصلے میں احتساب عدالت نے نواز شریف کے بیٹوں حسن اور حسین نواز کو مفرور قرار دیا ہے ۔
وکیل خواجہ حارث کے توسط سے دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی سزا معطل کرکے ضمانت دی جائے۔
درخواست کے مطابق میڈیکل بورڈ کی رائے ہے کہ نوازشریف متعدد بیماریوں میں مبتلا ہیں ۔ درخواست کے ساتھ برطانیہ، امریکہ اور سوئیزرلینڈ کے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی رائے پر مشتمل دستاویز منسلک کی گئی ہے ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف چاہتے ہیں ان کا علاج بیرون ملک انہی ڈاکٹرز سے کرایا جائے۔ درخواست کے ساتھ منسلک ڈاکٹروں کی رائے کے مطابق شریانوں کا عارضہ ہارٹ اٹیک کا سبب بن سکتا ہے جو جان لیوا ثابت ہوگا ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول ابھی تک معمول کے مطابق نہیں ۔
درخواست میں چیئرمین نیب، سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل اور احتساب عدالت کو فریق بنایا گیا ہے ۔
ہائیکورٹ میں منگل کو فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے خلاف نیب کی اپیل پر بھی سماعت ہوگی ۔