ایڈیٹر اور 10 رپورٹرز مستعفی
روس میں ایک اخبار کے سینئر ایڈیٹر اور دس رپورٹرز نے اس وقت احتجاج کرتے ہوئے استعفے دے دیے جب ان کے دو ساتھی کارکنوں کو ایک خبر چھاپنے پر ملازمت سے برطرف کیا گیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق روسی اخبار روزنامہ کومرسنت کے دو رپورٹرز نے ایک خبر دی تھی جس میں بتایا گیا کہ صدر ولادی میر پوتن اپنے قریبی دوستوں کے عہدے تبدیل کر سکتے ہیں۔
17 اپریل کو شائع ہونے والی خبر میں صحافیوں ایوان سیفرینو اور میکسم ایوانو نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا تھا کہ پارلیمان کے ایوان بالا کی سپیکر ولنتینا متوینکو کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
دونوں صحافیوں کو خبر دینے کے بعد ملازمت سے برطرف کرنے کی ہدایات سامنے آئیں جس پر اخبار کے سیاسی خبروں کے شعبے سے وابستہ سارے صحافی استعفے دے کر گھر چلے گئے ہیں جن میں ایک ایڈیٹر بھی شامل ہے ۔