اسلام آباد میں جیالوں پر شیلنگ، متعدد گرفتار
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی نیب میں پیشی کے موقع پر پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو روکنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی ہے جبکہ متعدد سیاسی کارکنوں کو حراست میں بھی لیا ہے۔
اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری نے کرپشن کے ایک ریفرنس میں احتساب کے قومی ادارے نیب کے سامنے پیش ہونے سے ایک بار پھر معذرت کی۔ ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ زرداری ہائیکورٹ جائیں گے۔
خیال رہے کہ سابق صدر زرداری گذشتہ سمن پر بھی پیش نہیں ہوئے تھے اور مہلت طلب کی تھی جس کے بعد بدھ 29 مئی کو طلب کیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے بدھ کو اپنے کارکنوں کو نیب دفتر کے سامنے جمع ہونے سے پہلے ایف ایٹ سیکٹر میں واقع زرداری ہاؤس پہنچنے کے لیے کہا تھا جس کے بعد حکومت نے دوسرے شہروں سے سیاسی کارکنوں کی اسلام آباد آمد روکنے کے لیے صوبائی حکومتوں کو مراسلہ جاری کیا۔
ادھر ذرائع کے مطابق سابق صدر نے رات گئے فیصلہ کیا کہ وہ بدھ کو نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گے اور ان کے وکیل مہلت کی درخواست کریں گے۔
اسلام آباد کے داخلی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری صبح سویرے ہی تعینات کر دی گئی تھی۔

