متفرق خبریں

ججوں کے خلاف ریفرنس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل مستعفی

مئی 29, 2019

ججوں کے خلاف ریفرنس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل مستعفی

پاکستان میں اعلی عدلیہ کے ججوں کے خلاف حکومت کی جانب سے ریفرنس دائر کیے جانے کی خبروں کے بعد ایڈیشنل اٹارنی جنرل زاہد ابراہیم احتجاجا اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے زاہد فخرالدین ابراہیم نے اپنے استعفے میں لکھا ہے کہ ان کو گذشتہ سال ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا مگر اب وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے اس بنا پر معذرت کرتے ہیں کہ حکومت نے اعلی عدلیہ کے ججوں کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا ہے۔

زاہد ابراہیم معروف قانون دان اور سابق چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کے صاحبزادے ہیں۔

استعفے کے متن کے مطابق یہ بات اخبارات میں رپورٹ ہوئی ہے کہ حکومت نے اعلی عدلیہ کے ججوں کے خلاف ریفرنس دائر کیے ہیں۔ ’ان میں سے ایک جج کی شہرت بے داغ اور ان کی ایمانداری اور ساکھ بے مثال ہے۔‘

خیال رہے کہ حکومت نے وزارت قانون کے ذریعے یہ خبر لیک کی ہے کہ اعلی عدلیہ کے تین ججوں کے خلاف مس کنڈکٹ پر صدارتی ریفرنس دائر کیا گیا ہے جن میں سپریم کورٹ کے ایک اور ہائیکورٹ کے دو جج شامل ہیں۔

تاحال حکومت کی جانب سے اس ریفرنس کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی اور سپریم جوڈیشل کونسل کے سیکرٹری ارباب عارف بھی ریفرنس دائر کیے جانے کے بارے میں میڈیا کے رابطے پر جواب نہیں دے رہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے