امریکی ریاست ورجینیا میں فائرنگ، 12 ہلاک
Reading Time: 2 minutesامریکی ریاست ورجینیا میں ایک سرکاری عمارت میں فائرنگ سے 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کو عوامی سرکاری مرکز میں ایک شخص نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ مشتبہ شخص ایک عرصے سے ورجینیا بیچ شہر میں ملازم تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے ہوا۔ طویل عرصے سے سرکاری ملازمت کرنے والے حملہ آور نے ورجینیا بیچ میونسپل سینٹر میں داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں پولیس کو عمارت سے زخمیوں کو باہر لاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے بندوق بردار کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم وہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے مارا گیا۔ حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے۔
پولیس سربراہ جیمز سرویرا نے کہا کہ بندوق بردار نے ایک شخص کو کار میں گولی مار کر ہلاک کیا جبکہ باقی افراد کو سرکاری عمارت کی تین منزلوں پر نشانہ بنایا گیا۔
پولیس سربراہ نے بتایا کہ چار پولیس اہلکاروں نے عمارت میں داخل ہو کر حملہ آور کو گھیر کر مقابلہ شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارت میں وحشتناک مناظر تھے۔
پولیس سربراہ سرویرا نے کہا کہ اس مقابلے کے دوران پولیس اہلکاروں کی کوشش یہ تھی کہ بندوق بردار شخص کو عمارت میں مزید قتل و غارت کرنے سے روکا جائے۔
ورجینیا کے گورنر راف نارتھم نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر اس واقعے کو شہر اور ریاست کے لیے ‘المناک دن’ قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ‘اس المناک سانحے میں مارے جانے والے افراد، ان کے اہل خانہ اور انھیں چاہنے والوں کے لیے میرا دل رو رہا ہے۔‘
شہر کے میئر رابرٹ ڈایر نے کہا ہے کہ یہ ورجینیا بیچ کی تاریخ میں المناک ترین دن ہے۔