ریفرنس پر جوڈیشل کونسل کا اجلاس طلب
پاکستان میں اعلی عدلیہ کے ججوں جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس کے کے آغا کے خلاف صدارتی ریفرسن کے تحت دائر شکایات سننے کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس دو جولائی کو طلب کر لیا گیا ہے۔
سینیئر صحافی مطیع اللہ جان کے ایم جے ٹی وی کی بریکنگ نیوز کے مطابق اجلاس دو جولائی کو ہوگا۔
سپریم جوڈیشل کونسل کے قواعد کے مطابق دو جولائی کے اجلاس میں جسٹس قاضی فائز عیسی اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے شرکت کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ کونسل کے 14 جون کو ہونے والے اجلاس کے موقع پر ملک بھر میں وکیلوں نے احتجاج کیا تھا۔
گذشتہ اجلاس کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل نے صدارتی ریفرنس پر جسٹس قاضی فائز عیسی سے رابطہ کیا ہے۔
جمعہ کو جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے بعد کونسل کے سیکرٹری ارباب عارف نے جسٹس قاضی فائز کے ججز کالونی میں واقع گھر کے پتے پر سربمہر لفافہ بھجوایا ہے۔
سپریم جوڈیشل کونسل کے قواعد کے مطابق کسی شکایت پر ابتدائی انکوائری کے مرحلے میں مدعا علیہ جج سے رابطہ کر کے ریفرنس کا بتایا جاتا ہے۔

