’ملک فوج اور عدلیہ نے نہیں بنایا‘
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں پختون قوم پرست جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ ملک جرنیلوں اور عدلیہ نے نہیں بلکہ سیاست دانوں نے بنایا ہے۔
قبائلی علاقوں میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں الیکشن مہم میں خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جس وقت پاکستان بنانے کی جدوجہد جاری تھی یہ طبقہ دوسری طرف کھڑا تھا۔
غلام احمد بلور کا کہنا تھا کہ آج کہا جاتا ہے کہ سیاست دان سارے چور اور ڈاکو ہیں مگر کہنے والے اسٹیبلشمنٹ کے لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ججوں سمیت یہ سارے جنگ آزادی میں دوسری طرف (انگریز کے ساتھ) کھڑے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں یہ اسٹیبلشمنٹ کو بتا دوں کہ جنگِ آزادی میں نہ تو آپ کا اور نہ ہی عدلیہ کا کوئی کردار تھا، آپ لوگ تو دوسری طرف کھڑے تھے، لڑ تو سیاستدان رہے تھے، اور اسٹیبلشمنٹ یہ بات بھی سُن لے کہ حب الوطنی کا سرٹیفیکیٹ ہم آپ کو دیں گے، آپکون ہوتے ہو ہمیں سرٹیفیکیٹ دینے والے؟۔‘
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں ضم ہونے والے سابق قبائلی علاقوں سے صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔
20 جولائی کو ہونے والے ان انتخابات کی الیکشن مہم کے دوران حزب اختلاف کی تمام اہم سیاسی جماعتوں نے الزام لگایا ہے کہ علاقے میں صرف تحریک انصاف کے امیدواروں کو مہم چلانے کی اجازت ہے دیگر کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔