پاکستانی فوج کا جہاز گرنے سے 18 ہلاک
یاسر حکیم ۔ صحافی
پاکستان میں پنجاب کے شہر راولپنڈی کے ریسکیو حکام نے کہا ہے کہ مضافاتی علاقے موہڑہ کالو آرمی ایوی ایشن کا چھوٹا جہاز گرنے اور گھروں کو آگ لگنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
پاکستان کی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گرنے والا طیارہ آرمی ایوی ایشن کا تھا جس میں دو پائلٹس سمیت عملے کے پانچ افراد چل بسے ہیں جبکہ مقامی آبادی کے 12 افراد بھی حادثے میں مارے گئے ہیں۔
مرنے والوں میں تین سالہ بچی،پنچ سالہ بچے سمیت 5 خواتین بھی شامل ہیں۔
مرنے والوں کے نام عظمی، جمیل، روبینہ، زوھیب، قلم دین، پری بی بی، فاطمہ بی بی ،شیر محمد ، عبدالحفیظ، راحیل، فیضان، عبدالروف، آمنہ بی بی ہیں۔
زخمیوں میں محمد یوسف،شمیم بی بی،ثریا بی بی،نزیر شامل ہیں۔
راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر ڈاکٹر عبدالرحمان نے بتایا ہے کہ موہڑہ کالو میں جہاز گرنے سے مرنے والے افراد کی تعداد 18 ہو گئی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 12 ہے۔
ڈاکٹر عبدالرحمن کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ہولی فیملی اسپتال منتقل کر دیا گیا یے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جہاز راولپنڈی کے مضافات میں ایک گاؤں کے گھروں پر گرا جس سے آگ لگ گئی۔

