مہمند: بارودی سرنگ دھماکہ میں بچے زخمی
پاکستان کے قبائلی ضلع مہمند میں بارودی سرنگ دھماکے میں تین بچے شدید زخمی ہوگئے جن میں ایک کی ٹانگ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
سینئر صحافی طاہر خان کے مطابق بارودی سرنگ کا یہ دھماکہ سنیچر کو ضلع مہمند میں ہوا تاہم ملکی ذرائع ابلاغ نے اس کی خبر نہیں دی۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں جنوبی وزیرستان میں باردوی سرنگ پھٹنے سے پانچ بچوں کے مارے جانے کی خبر آئی تھی۔
صحافی طاہر خان نے سوال اٹھایا ہے کہ قبائلی اضلاع سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کا وعدہ کب پورا کیا جائے گا؟
واضح رہے کہ پاکستان میں پشتون تحفظ موومنٹ گذشتہ دو برس سے حکومت سے یہ مطالبہ کرتی آئی ہے کہ قبائلی علاقوں سے طالبان کے خاتمے کے بعد بارودی سرنگیں بھی صاف کی جائیں تاکہ مقامی افراد کی زندگی محفوظ ہو سکے۔

