پاکستان

انڈیا کے لیے پاکستانی راستے بند؟

اگست 27, 2019

انڈیا کے لیے پاکستانی راستے بند؟

پاکستان میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ بھارت کی کمرشل پروازوں کے لیے مشرقی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ آئندہ دو دن میں متوقع ہے جبکہ سائنس و ٹیکنالوجی کے وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ انڈیا کی افغان تجارت کا زمینی راستہ بھی بند کیا جا سکتا ہے۔

ترجمان ہوا بازی ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں شرکت کے بعد مشرقی فضائی حدود بارے وزیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ کابینہ میٹنگ میں بھارت کے لئیے فضائی حدود بند کرنے پر مشاورت کی گئی ہے تاہم اس حوالے سے کابینہ نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ مشرقی فضائی حدود بند کرنے کے حوالے سے تمام قوانین پر غور کیا جا رہا ہے جنکا جائزہ لینے کے بعد آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں اس ضمن میں کوئی فیصلہ متوقع ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر فواد چودھری نے ٹویٹ کیا تھا کہ مودی نے شروع کیا ہم اس کا اختتام کریں گے۔ انہوں نے لکھا کہ انڈیا کے لیے زمینی و فضائی راستے بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے رواں سال فروری میں بھی انڈیا کے لیے فضائی حدود بند کی تھیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے