پاکستان

’ثنا اللہ! پکچر اوباسہ‘ والا کون ہے؟

بلاول آفریدی کو معصوم بھی قرار دیا جا رہا ہے مگر ان کی ویڈیو نے ریکارڈ توڑ بزنس کیا ہے۔

اگست 29, 2019

’ثنا اللہ! پکچر اوباسہ‘ والا کون ہے؟

عظمت گل / نمائندہ خصوصی پشاور

پاکستان کے سوشل میڈیا صارفین نے ہزاروں کی تعداد میں ایک نوجوان کی ویڈیو شیئر کر کے طنز و مزاح سے بھرپور جملے بازی کی۔

گلے میں ہار لٹکائے اور سر پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیے یہ نوجوان قبائلی ضلع خیبر سے نومنتخب رکن پختونخوا اسمبلی بلاول آفریدی ہیں جو درجنوں ٹی وی چینلز کے مائیک اپنی طرف بڑھتے دیکھ کر پشاور میں صوبائی اسمبلی کے باہر اپنے ایک ساتھی کو بلاتے ہیں کہ ’ثنا اللہ، پکچر اوباسہ‘ (ثنا اللہ، میری تصویر بناؤ)۔

اس ویڈیو کو بلا مبالغہ ملک بھر میں لاکھوں افراد نے واٹس ایپ گروپس میں شیئر کر کے تبصرے کیے ہیں اور ہزاروں افراد نے فیس بک اور ٹوئٹر پر پوسٹ کر کے لطف لیا ہے۔

کئی صارفین نے لکھا ہے کہ ’بندہ شودا ہے‘۔ کسی نے تصویر کا شوقین قرار دیا ہے تاہم ایسے لوگ بھی ہیں جو بلاول آفریدی کو معصوم قرار دے رہے ہیں۔

بلاول آفریدی حالیہ انتخابات میں آزاد حیثیت میں کامیاب ہوئے ہیں اور انہوں نے تحریک انصاف سمیت کئی بڑی جماعتوں کے امیدواروں کو شکست دی۔ بعد ازاں انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا بھی اعلان کیا۔

29 اگست کو اپنی 26 ویں سالگرہ منانے والے بلاول آفریدی قومی اسمبلی کے سابق رکن شاہ جی گل آفریدی کے بیٹے ہیں اور جمرود تحصیل میں ان کے گاؤں کا نام ’حاجیانو کلے‘ یعنی حاجیوں کے گاؤں سے مشہور ہے۔

بلاول آفریدی کے ہزاروں چاہنے والے ہیں اور انہوں نے چار ہزار سے زائد اپنے سپورٹرز کو سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے میں سوات کے پرفضا مقامات بحرین اور کالام کی سیر کرائی ہے۔

بلائے جانے کے بعد ثنا اللہ آفریدی نے بلاول آفریدی کی تصاویر بنائیں اور پھر ان کو فیس بک اور ٹوئٹر پر پوسٹ بھی کیا۔

https://twitter.com/SanaUllahAfri14/status/1166415417713352704?s=20

بلاول آفریدی نے ٹوئٹر پر اکاؤنٹ بھی بنایا ہے اور فیس بک کے ذریعے بھی اپنی الیکشن مہم اور جیت کو تصاویر کے ذریعے لوگوں تک پہنچایا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے