امریکہ، فائرنگ سے پانچ ہلاک
Reading Time: < 1 minuteامریکی ریاست ٹیکساس میں ایک مسلح شخص نے چلتی گاڑی سے فائرنگ کر کے پانچ افراد کو ہلاک جبکہ تین پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد کو زخمی کیا ہے۔
ٹوئٹر پر فوٹیج اور عالمی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق مقامی ایک مسلح شخص نے اوڈیسا اور مڈ لینڈ کے درمیانی علاقے میں گاڑی چلاتے ہوئے عام راہگیروں پر فائرنگ کی ہے۔
امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے انہیں اس واقعے پر بریفنگ دی گئی ہے۔
اوڈیسا پولیس کے چیف مائیکل گریک نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں پانچ شہری ہلاک جبکہ 21 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس چیف نے بتایا کہ مسلح شخص کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تاہم بعد ازاں مسلح شخص کو سکیورٹی اہلکاروں نے ایک سینما گھر کے سامنے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بھی ٹیکساس کے ایل پاسو شہر میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر کے کم از کم 22 افراد کو ہلاک اور 24 کو زخمی کر دیا تھا۔