فوجی ترجمان کی برنال
پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے وزیراعظم عمران خان کا دفاع کیا ہے جبکہ ان پر تنقید کرنے والوں کو جلن کم کرنے کے لیے برنال کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ مخالفین اور مختلف رائے رکھنے والوں کو برنال کے استعمال کا مشورہ یا نصیحت سب سے پہلے تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ٹرولز نے شروع کی تھی۔
پاکستانی فوج کے ترجمان بظاہر اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں عمران خان کی تقریر پر خوش تھے مگر سوشل میڈیا پر گل بخاری کی ایک ٹویٹ نے ان کو ناراض کر دیا۔

گل بخاری نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی عمران خان کے خطاب کے بارے میں کی گئی پہلی ٹویٹس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”اسی لیے تو انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان کا خطاب تاریخی ہوگا“
گل بخاری نے لکھا کہ دنیا کو اقوام متحدہ میں کھڑے ہو کر ایٹمی جنگ سے ڈرانے سے زیادہ اور کیا شے تاریخی ہو سکتی ہے اور بوائز نے وزیراعظم کو ایسا کرنے کے لیے کہا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب شاید دنیا پاکستان سے ایٹمی ہتھیار ختم کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے۔
خیال رہے کہ گل بخاری نے یہ ٹویٹ محمد تقی کی ٹویٹ پر لکھی تھی جن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے بارے میں وہی بات کی جو پاکستانی فوج کے ترجمان ٹویٹ میں کرتے ہیں۔
میجر جنرل آصف غفور نے گل بخاری کی ٹویٹ کا سکرین شاٹ پوسٹ کر کے لکھا کہ ”خیال ہے کہ وہاں برنال ختم نہیں ہوئی ہوگی۔ کوئی پاکستان برنال آپ تک پہنچا دے گا۔“
یاد رہے کہ تجزیہ کار اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ گل بخاری کو گذشتہ برس لاہور میں اغوا کیے جانے کے بعد رہا کیا گیا تھا اور وہ آج کل بیرون ملک مقیم ہیں۔

