ارب پتی فرار کیسے ہوا؟ سات گرفتار
Reading Time: < 1 minuteترکی میں پولیس نے جاپانی کمپنی نسان موٹرز کے سابق چیئرمین کارلوس غصن کو استنبول سے لبنان پہنچانے میں مدد دینے کے الزام میں چار پائلٹوں سمیت سات افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور ان سے اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
کارلوس غصن گزشتہ سوموار کو آلات موسیقی کے ایک صندوق میں چھپ کر جاپان سے لبنان پہنچے تھے تاہم وہ براہ راست لبنان جانے کے بجائے استنبول اترے تھے جہاں سے ایک نجی طیارے کے ذریعے انہوں نے بیروت کا سفر کیا تھا ۔
ترک وزارت داخلہ کے مطابق انہیں کارلوس کی آمد سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا تھا اور نہ ان کے نام کا دخول وخروج میں اندراج ہے۔ ترک وزارت داخلہ نے معاملے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوے تمام ذمہ داروں کی گرفتاری کا حکم جاری کیا ہے ۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کارلوس کا شمار دنیا کے بڑے کاروباری افراد میں ہوتا ہے۔ ان کے پاس فرانس، لبنان اور برازیل کی شہریت ہے ۔ گزشتہ تین ماہ سے ان کے فرار کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ اس کے لیے ایک نجی سیکیورٹی کمپنی کی خدمات حاصل کی گئیں جس کے کارندوں نے موسیقاروں کا بہروپ بدل کر کارلوس کو آلات موسیقی کے صندوق میں چھپا کر براستہ استنبول، لبنان سمگل کیا۔
واضح رہے کہ کارلوس غصن پر جاپان میں کمپنی میں بدعنوانیوں کے الزام کے تحت مقدمہ چل رہا ہے جس میں وہ کروڑوں ڈالر کی ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔