جنگ نہیں ہوگی، صدر ٹرمپ
Reading Time: 2 minutesامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کو ’جنگ روکنے‘ کے لیے ضرورت قرار دیا ہے۔
ایک مختصر پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ایران کے حوالے سے ایسے تمام ضروری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ادھر ایران نے بغداد میں امریکی حملے کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کو ایک واضح دہشت گرد کارروائی قرار دیا تھا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ’ہمارے اقدامات جنگ شروع کرنے کے لیے نہیں ہوتے۔‘
صدر ٹرمپ نے جنرل قاسم سلیمانی ذہنی بیمار شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے معصوم لوگوں کو ہلاک کیا اور ان کے حملوں سے نئی دہلی اور لندن تک لوگ متاثر ہوئے۔
صدر ٹرمپ نے جنرل سلیمانی کو سینکڑوں امریکی عام شہریوں اور سپاہیوں کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے دہشت گرد کہا۔
ادھر جنرل قاسم سلیمانی کو ڈرون حملے میں ہلاک کرنے کے بعد امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے مختلف ملکوں کے سربراہوں سے رابطہ کیا ہے جبکہ پاکستان میں فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو فون کر کے بتایا ہے کہ ایران خطے کو عدم استحکام کا شکار کر رہا ہے۔
مائیک پومپیو نے افغان صدر اشرف غنی، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، روس کے وزیر خارجہ سمیت کئی اہم ملکوں میں حکام سے رابطہ کر کے جنرل سلیمانی کی ہلاکت کو ضروری عمل قرار دیا۔
پاکستان کی فوج کے ترجمان کے مطابق جنرل باجوہ نے امریکی وزیر خارجہ سے کہا کہ وہ افغان امن عمل کی کامیابی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
امریکہ نے جمعے کو علی الصبح عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک فضائی حملے میں ایران کے سب سے طاقتور فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کو ایران کے حمایت یافتہ ملیشیا رہنماؤں کے ہمراہ ہلاک کر دیا۔ اس وقعے کے بعد صورتحال نہایت کشیدہ ہو گئی۔