متفرق خبریں

کراچی میں ووٹرز کم ہو گئے

جنوری 4, 2020

کراچی میں ووٹرز کم ہو گئے

رپورٹ: عبدالجبار ناصر
ملک بھر میں ووٹرز فہرست جانچ پڑتال کے لیے ڈسپلے سینٹرز میں موجود ہے اور ابتدائی ووٹرز فہرست میں کراچی کے 5 اضلاع میں حیران کن طور پر8 ماہ میں ڈیڑھ سے سوا 8 فیصد تک کمی جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں ڈیڑھ سے 8 فیصد تک اضافہ ہوا ہے اور کراچی کے ووٹرز میں مجموعی طور پرتقریباً 4 فیصد کمی سامنے آئی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018ء کے نظر ثانی شدہ ووٹرز فہرست 9 اپریل کو جاری کی جس میں سندھ کے ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 29 لاکھ 25 ہزار 395 تھی ،جس میں عام انتخابات 2018ء کی ووٹرز فہرست کے مقابلے میں 5لاکھ 34ہزار 151 ووٹ کا اضافہ ہوا تھا ، جو مجموعی طور پر 2.38 فیصد تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھرپور نظرثانی مہم کے بعد 26 دسمبر 2019ء کو ملک بھر کی طرح سندھ کی ووٹرز فہرست بھی جانچ پڑتال کے لئے صوبہ بھر کے 4ہزار سے زائد ڈسپلے سینٹرز میں رکھی ہے ، جہاں پر عوام انتخابی فہرستوں میں مزید اندراج، اخراج اور درستگی کرسکتے ہیں۔

ذرئع سے ملنے سندھ کے اضلاع کے اعدادوشمار کے مطابق سندھ کے ووٹرز کی تعداد 8 ماہ کے دوران 2 کروڑ 29 لاکھ 25ہزار 395 سے بڑھکر 2 کروڑ 33 لاکھ 61ہزار 581 ہوگئی ہے اور کل اضافہ 4 لاکھ 36ہزار 186 ووٹرز کا ہوا ہے ، جو 1.90 فیصد بنتاہے۔

مگر حیران کن طور پر کراچی کے ووٹرز میں تقریباً 4 فیصد کمی ہوئی ہے۔ 9 اپریل 2019ء کو جاری فہرست میں کراچی کے ووٹرز کی تعداد 82 لاکھ 84ہزار 588 تھی جو اب کم ہوکر 79 لاکھ 64 ہزار 958رہ گئی ہے۔

کراچی کے 6 میں سے 5 اضلاع کے ووٹرز میں کمی آئی ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق ضلع غربی میں سوا 8 فیصد ، ضلع ملیر میں پونے 8 فیصد ،ضلع کورنگی میں 5 فیصد، ضلع وسطی میں ڈھائی فیصد اور ضلع شرقی میں ڈیڑھ فیصد کمی آئی ہے ،جبکہ کراچی ضلع جنوبی میں ڈیڑھ فیصد اضافہ ہواہے۔

ذیل کے چارٹ میں سندھ کے 29 اضلاع میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 9 اپریل 2019ء کو جاری اور 26دسمبر 2019ء سے ڈسپلے سینٹرز میں موجود ابتدائی فہرست کے ووٹرز کی تعداد ، دونوں فہرستوں میں ووٹرز کی تعداد اور فیصد کے حساب سے اضافہ و کمی کے اعدادوشمار دیے گئے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے