مجھے بھی ہراساں کیا گیا، عائشہ عمر
پاکستان میں فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ اور ماڈل عائشہ عمر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھی اپنے کیریئر کے دوران ہراساں کیا جاتا رہا ہے تاہم ابھی وہ اتنی طاقتور نہیں ہیں کہ اس پر کھل کر بات کرسکیں۔
یہ انکشاف انہوں نے بول ٹی وی کے پروگرام ’بول نائٹس‘ میں میزبان احسن خان سے گفتگو کرتے ہوے کیا۔ پروگرام کے دوران ادا کارہ سے جب پوچھا گیا کہ "می ٹو” مہم کتنی اہم ہے تو ان کا کہنا تھا کہ یہ مہم جنسی زیادتی کا شکار ہونے والوں کو اس موضوع پر بات کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ یہ مردوں کے لیے بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنی عورتوں کے لیے ہے۔
عائشہ عمر نے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ میں اس حوالے سے کبھی بات کروں مگر ابھی نہیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ان تمام لوگوں سے اتفاق کرتی ہیں جنہیں اس صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔

