پاکستان24 متفرق خبریں

’انڈین آرمی چیف بیان بازی کرتے ہیں‘

جنوری 11, 2020

’انڈین آرمی چیف بیان بازی کرتے ہیں‘

پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کنٹرول لائن کے پار کارروائی کرنے کا انڈین آرمی چیف کا بیان اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ڈی جی نے انڈین آرمی چیف کے بیان کو معمول کی بیان بازی قرار دیا اور کہا کہ ’پاکستانی فوج انڈیا کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔‘

قبل ازیں انڈیا کی بری فوج کے نئے سربراہ نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔

سنیچر کو نئی دہلی میں جنرل منوج مُکند نرونے نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پارلیمان پورے کشمیر کو اپنا حصہ قرار دیتی ہے اور انھیں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو واپس لینے کا حکم ملے گا تو فوج اس کے حصول کی کارروائی کرے گی۔

اپنی پہلی میڈیا کانفرنس میں جنرل منوج نے بری فوج کے آئندہ کے لائحہ عمل اور منصوبہ بندی پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

انھوں نے کہا کہ ’جہاں تک فوج کا سوال ہے ہمارے لیے شارٹ ٹرم خطرہ دراندازی ہے جبکہ طویل مدتی خطرہ روایتی جنگ ہے اور ہم اسی کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔‘

انڈین خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق جنرل منوج نے کہا کہ آنے والے دنوں میں فوج کی توجہ تعداد کے بجائے کوالٹی پر ہو گی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے