پاکستان24 متفرق خبریں

’پشتون موومنٹ سب سے بات کرے گی‘

جنوری 12, 2020

’پشتون موومنٹ سب سے بات کرے گی‘

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں ہزاروں افراد نے پشتون تحفظ مومنٹ کے جلسے میں شرکت کی ہے۔

پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے پی ٹی ایم کے زیر اہتمام ضلع بنوں منڈان پارک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ بیٹھ کر پشتونوں کے حقوق کی بات کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔

پی ٹی ایم کی جانب سے کئی ماہ کے بعد خیبر پختونخوا ضلع بنوں میں جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں تنظیم کے سربراہ سمیت ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ، علی وزیر اور صوبائی اسمبلی کے رکن میر کلام وزیر کے بھی شرکت کی۔

دیگر سیاسی پارٹیوں پر تنقید اور ان کے سربراہان کے خلاف باتیں کرنے کے حوالے سے منظور پشتین کا کہنا تھا کہ اس مجمعے میں اگر کوئی کسی بھی سیاسی لیڈر کے خلاف کچھ بھی کہتا ہے تو وہ اس کا ذاتی فعل ہوگا اور وہ پی ٹی ایم کا موقف بالکل نہیں ہوگا۔

انھوں نے دوران خطاب کہا کہ ہم ہر مظلوم کے ساتھ ہیں چاہے اس کا تعلق کسی بھی پارٹی یا تنظیم سے ہے۔ ہم اس کے لیے آواز اٹھائیں گے اور اس کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

صوبے کے دیگر اضلاع اور سابق قبائلی علاقوں سے لوگ قافلوں کی شکل میں بنوں پہنچے تاہم پاکستان کے ذرائع ابلاغ نے اس جلسے جی خبر نہیں دی۔

وزیرستان میں برفباری اور ملحقہ علاقوں میں شدید سرد موسم اور بارش کے باجود پشتون نوجوانوں گاڑیوں کی چھتوں پر بیٹھ کر جلسہ گاہ پہنچے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے منظور پشتین نے کسی کام نام لیے بغیر کہا کہ پی ٹی ایم کو اگر کوئی گالی بھی دے، جو مرضی الزام لگائے لیکن ہم پھر بھی ملک کی تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کرنے اور ان کے ساتھ بیٹھ کر پشتونوں کے مسائل حل کرنے کے لیے تیار ہیں
انھوں نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ لوگ میرے ساتھ وعدہ کریں کہ ہم سیاسی پارٹیوں کے سربراہان کے پاس جرگہ لے کر جائیں گےتاکہ ہم مل کر پشتونوں کے حقوق کی بات کر سکیں۔ چاہے وہ اسفندیار ولی خان ہوں، محمود خان اچکزئی ہوں، مولانا فضل الرحمٰن ہوں یا آفتاب شیرپاؤ، ہم ان کے پاس جائیں گے۔

جلسے میں لاپتہ افراد کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ سٹیج پر بھی پشتون لاپتہ افراد کے عزیز و اقارب تصاویر اور پلے کارڈز لیے بیٹھے رہے۔

اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے پی ٹی ایم کے یوم تاسیس کے سلسلے میں دو فروری کو کوئٹہ میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں کا یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے اور اس کے بعد مردان، چارسدہ سمیت دیگر مختلف اضلاع میں جلسے منعقد کریں گے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے