ملک ریاض کے خلاف نیب ریفرنس دائر
پاکستان میں احتساب کے قومی ادارے نیب نے جعلی بنک اکائونٹس میں ایک اور ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا ہے۔
ریفرنس میں ملک ریاض، زین ملک، لیاقت قائم خانی، یوسف بلوچ، ڈاکٹر ڈنشا اور دیگر ملزمان نامزد ہیں۔ چئیرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس احتساب عدالت نمبر ایک میں دائر کیا گیا۔
جعلی بنک اکائونٹس میں بحریہ آئیکون ٹاور ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کیا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان پر رفاہی پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو 100 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ بحریہ آئیکون ٹاور کے لیے باغ ابن قاسم کی اراضی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر الاٹ کی گئی۔
اس سے پہلے سپریم کورٹ کی طرف سے جعلی اکاؤنٹس کی چھان بین کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ آئیکون ٹوون ٹاورز کے لیے باغ ابن قاسم کلفٹن کراچی میں 7900 مربع گز زمین حکومت سندھ اور گیلیکسی کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹیڈ کی مدد سے دی گئی۔

