پاکستان24 متفرق خبریں

’منظم مافیا حکومت کے خلاف سرگرم ہے‘

جنوری 26, 2020 2 min

’منظم مافیا حکومت کے خلاف سرگرم ہے‘

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں ایک منظم مافیا حکومت کے خلاف سرگرم ہے جو معاشرے میں تحریک انصاف مخالف منفی تاثر کو ابھار رہا ہے۔

اتوار کی شام وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے کہا کہ ’ایک منظم مافیا جان بوجھ کر ہر روز افراتفری کی باتیں کرتا ہے تاکہ جو مثبت انتظامی تبدیلیاں ہم لے کر آ رہے ہیں ان کو ناکام بنایا جائے۔‘

جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے یہ بات لاہور میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور پنجاب اسمبلی کے اراکین سے ملاقات کے دوران کہی۔ عمران خان نے اس بات کو بھی دہرایا کہ انہیں ’وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پر بھرپور اعتماد ہے۔‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’ایک منظم مافیا معاشرے میں حکومت کے خلاف منفی تاثر کو فروغ دے رہا ہے۔‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی ہوئی اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے ہیں۔

بیان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ہم ہرگز دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور انشاءاللہ آئندہ بھی کریں گے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک کو تاریخی خسارے کا سامنا تھا۔ روپے کی قدر مسلسل گر رہی تھی۔ ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا۔ الحمدللہ، آج صورتحال تبدیل ہو چکی ہے۔ روپے کی قدر میں توازن آگیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب میں بہترین انتظامی ٹیم لے کر آئے ہیں۔ انتظامیہ اور منتخب عوامی نمائندگان میں ہم آہنگی اور بہتر گورننس کے لیے ایک مربوط حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے تاکہ عوام الناس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو سکیں۔

وزیراعظم عمران خان پنجاب کے وزیراعلیٰ کو وسیم اکرم پلس کہتے آئے ہیں۔

جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’ڈیووس میں جس طرح ہمیں پذیرائی ملی ہے اس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔ ڈیووس میں دنیا کی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد شریک ہوتے ہیں۔ ان سب نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع اور صلاحیت ہے۔‘

پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا ان کے ملک کو سرمایہ کاری کے حوالے سے پرکشش ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے