پی ایس ایل: ایک کھلاڑی کو کتنے ملیں گے؟
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں سالانہ کرکٹ میلے، سپر لیگ یا پی ایس ایل 2020 کے دوران ٹیموں اور کھلاڑیوں میں 10 لاکھ امریکی ڈالرز کی مالیت کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب 20 فروری کی کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی جس میں 350 فنکار شریک ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق لاہور میں 22 مارچ کو ہونے والے فائنل کی فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ پانچ لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کی رنراپ ٹیم دو لاکھ امریکی ڈالرز دیے جائیں گے۔
ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا جائے گا۔ سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کل 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر میچ کا بہترین کھلاڑی 4500 امریکی ڈالرز پر مشتمل انعامی رقم وصول کرے گا۔
80 ہزار امریکی ڈالرز مالیت کی انعامی رقم ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز، بہترین باؤلر اور سپرٹ آف کرکٹ کے ایوارڈز جیتنے والوں میں برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوگی۔
دس لاکھ ڈالرز میں سے بقیہ انعامی رقم ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کیچ، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والےکھلاڑیوں کے لیے مقررہ انعامات کی مد میں تقسیم کی جائے گی۔
رواں سال پاکستان سپر لیگ میں 34 میچ 32 دنوں میں کھیلے جائیں گے۔ کرکٹ بورڈ کے مطابق سال 2008 کے بعد پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکی کرکٹرز پاکستان آئیں گے۔
پاکستان میں کرکٹ کا آخری بڑا ایونٹ ایشیا کپ تھا جو 2008 میں منعقد کیا گیا تھا۔