عمر اکمل کو کرکٹ کھیلنے سے روک دیا گیا
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کردیا ہے، لہٰذا پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات مکمل ہونے تک عمر اکمل کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔
فی الحال تحقیقات جاری ہیں لہٰذا پی سی بی اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔
اس دوران، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایچ بی ایل پی ایس 2020 کے لیے عمر اکمل کے متبادل کا انتخاب کرنے کی اجازت ہوگی۔ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ایونٹ کا افتتاحی میچ آج رات 9 بجے شروع ہوگا۔
آرٹیکل 4.7.1: اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت، پی سی بی:
(ا): یہ طے کرے کہ کسی بھی فریق کو انٹی کرپشن کوڈ کے تحت چارج کرنا ہے۔
یا
(ب): فریق کسی بھی فوجداری جرم میں ملوث ہو جس میں پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا ہو یا پھر کوئی الزام عائد کیا گیا ہو۔
مندرجہ بالا نکات کے تحت پی سی بی کے پاس یہ صوابدیدی اختیار موجود ہے کہ وہ کھیل کی ساکھ کو مجروح کرنے پر متعلقہ فریق کو اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت عبوری طور پر معطل کرسکتا ہے جب تک کہ اینٹی کرپشن ٹربیونل یہ فیصلہ نہ کرلے کہ متعلقہ فریق نے جرم کا ارتکاب کیا ہے یا نہیں۔ عبوری طور پر معطلی سے متعلق کسی بھی فیصلے کی ایک تحریری کاپی متعلقہ فریق ، ایک آئی سی سی اور ایک قومی کرکٹ فیڈریشن کو بھجوائی جائے گی۔