کراچی میں کورونا سے پہلی ہلاکت کی تصدیق
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
جمعے کو سندھ کی وزیر صحت عذرا افضل پیچوہو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مریض کی ٹریول ہسٹری نہیں تھی تاہم متوفی کو کینسر اور ذیابیطس سمیت کئی امراض لاحق تھے۔
وزیر صحت کے مطابق مریض کی عمر 77 برس تھی اور اس کا انتقال کورونا وائرس کے حملے کے بعد نجی ہسپتال میں ہوا۔
واضح رہے کہ سندھ اور کراچی پاکستان کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے ہیں جہاں کورونا وائرس پھیلا ہے۔
سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 245 ہے، جس میں سے 151 افراد کی نشاندہی سکھر کے قرنطینہ کیمپ میں ہوئی جبکہ 90 افراد اس وقت کراچی کے مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
حکام کے مطابق اب تک تین افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جن میں دو کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدر آباد سے ہے۔

