چیف جسٹس کا عدالت بند کرنے سے انکار
پاکستان کے چیف جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ بار کے صدر کی عدالت برخاست کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ میں کورونا وائرس کا معاملہ بہت سنگین ہے وہاں کی عدالتیں بھی چل رہی ہیں، ہم اس اہم ادارے کو بند نہیں کرسکتے۔
منگل کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر قلب حسن نے چیف جسٹس سے عدالت برخاست کرنے کی استدعا کی۔
قلب حسن نے عدالتی روسٹرم پر آ کر کہا کہ عدالت سے گزارش ہے موجودہ صورتحال کے باعث مقدمات میں التوا دے دیا جائے۔
چیف جسٹس گلزاراحمد نے ریمارکس دیے کہ یورپ میں معاملہ بہت سنگین ہے، وہاں کی عدالتیں بھی چل رہی ہیں، ہم اس اہم ادارے کو بند نہیں کرسکتے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں علامتی طور پر موجود رہنا ہے، چیف جسٹس نے صدر سپریم کورٹ بار کی مقدمات میں التوا دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت جاری رکھی۔

