وزیراعظم کی وجہ سے اپوزیشن کا واک آؤٹ
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس سے ویڈیو لنک پر خطاب کے بعد اٹھ کر چلے گئے جس پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اجلاس سے واک آؤٹ کر لیا۔
ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کے بعد پارلیمانی پارٹی کے رہنماؤں کی میٹنگ بلائی گئی تھی جس میں وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔
کانفرنس میں خطاب کے بعد وزیراعظم عمران خان کے چلے جانے کے بعد اپوزیشن کی دو بڑی پارٹیوں کے رہنماؤں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا اور موقف اپنایا کہ وزیراعظم اجلاس سے کیوں گئے وہ سنجیدہ نہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، یہ ملک کے سربراہ کی سنجیدگی کا لیول ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں اجلاس میں بیٹھنا مناسب نہیں، واک آؤٹ کرتے ہیں، اتنی بڑی وبا نے پاکستان کو متاثر کیا ہے اور یہ چیف ایگزیکٹو کی سنجیدگی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بلاول بھٹو زرداری بھی اٹھ کر چلے گئے۔

