علی وزیر کے کزن عالمگیر کی ضمانت منظور
پاکستان کی سپریم کورٹ نے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے کزن ملزم عالمگیر خان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ ہمیں اظہار رائے کا احترام کرنا ہوگا، ریاست اتنی کمزور نہیں کہ ایک تقریر سے لڑ کھڑا جائے، آج ہم کھڑ ے ہیں تو مذاکرات اور اختلاف رائے کی وجہ سے ہی ہیں۔
جہانزیب عباسی
سپریم کورٹ میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی.طالب علم عالمگیر خان پر ریاست مخالف تقریر کرنے کا الزام تھا۔
ملزم کے وکیل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ میرا موکل پنجاب یونیورسٹی کا طالب علم ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے پوچھا کہ ملزم نے ریاست مخالف تقریر کیوں کی؟ کیا یہ اسٹوڈنٹ لیڈر ہے؟ وکیل صفائی نے جواب دیا میرا موکل محرومی کا شکار ہے۔
جسٹس قاضی امین نے کہا ہم آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتے ہیں، آزادی اظہار رائے پر قدغن نہیں ہے، طالب علم کو اپنی پڑھائی پر توجہ دینا چاہیے۔
جسٹس قاضی امین نے مزید کہا کہ طلبہ کو سیاست کا ایندھن نہیں بننا چاہیے۔ وکیل صفائی نے کہامیرے موکل نے حکومتی کارکردگی پر تنقید کی اور کہا کہ ریاست مخالف مقدمہ نہیں بنتا۔ جسٹس قاضی امین نے پوچھا کہ ریاست اور حکومت میں فرق ہوتا ہے۔
وکیل صفائی نے کہا کہ ہر کوئی حکومت پر تنقید کرتا ہے، ملک میں سیاست دان ایک دوسرے کو چور، ڈاکو، لٹیرا تک کہتے ہیں یہ تو طالب علم ہے۔
جسٹس قاضی امین نے کہا کہ طالب علم ہونا ملزم کا کیس میں دفاع نہیں ہے، طلبا قانون سے بالا تر نہیں ہوتے، ہمارے لیے یہ ملزم ایک عام شہری ہے، ریاست اتنی کمزور نہیں کہ ایک تقریر سے لڑ کھڑا جائے، آج ہم کھڑ ے ہیں تو مذاکرات اور اختلاف رائے کی وجہ سے ہی ہیں،ہمیں اظہار رائے کا احترام کرنا ہوگا،یہ جو کچھ ہو رہا ہے مناسب نہیں ہے، یونیورسٹی اور کالجز میں رائے بنتی ہے۔
جسٹس عمر عطا نے کہا کہ ناپسندیدگی اور غیر مطمئن ہونے کا اظہار کرنا ہر شہری کا حق ہے، عوام کا حکومت پر اعتماد ہونا چاہیے، لوگ غصہ میں کئی باتیں کر جاتے ہیں، کیا طالبعلم جو چاہے وہ کر سکتا ہے, عدالت کو یقین دہانی چاہیے کہ آئندہ ملزم صرف تعلیم پر توجہ دے گا۔
وکیل صفائی بولےملزم کا والد طالبان نے مار دیا، ملزم بہت محرومیوں کا شکار ہے، ملزم کی طرف سے یقین دلاتا ہوں آئندہ ایسی تقریر سے باز رہے گا۔
عدالت نے وکیل صفائی کی یقین دہانی پر عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔
ملزم عالمگیر خان ایم این اے علی وزیر کا کزن ہے.ملزم پر 29 نومبر 2019 کو لاہور میں ریاست مخالف تقریر کا الزام ہے۔

