پاکستان24 متفرق خبریں

برطانیہ:24 گھنٹوں میں 563 ہلاک

اپریل 1, 2020

برطانیہ:24 گھنٹوں میں 563 ہلاک

برطانیہ میں محکمہ صحت کے مطابق منگل کی صبح تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد دو ہزار 352 ہو گئی جبکہ 29 ہزار سے زائد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 563 افراد ہلاک ہوئے۔

اس سے قبل وزیراعظم بورس جانسن نے کابینہ کو ویڈیو لنک پر بتایا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس سے صورتحال انتہائی ابتر ہوگی مگر اس کے بعد بتدریج بہتری آئے گی۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد برطانوی وزیراعظم قرنطینہ میں ہیں اور انہوں نے وائرس سے نمٹنے کے لیے شہریوں سے سماجی دوری برقرار رکھنے کے لیے کہا ہے۔

برطانیہ میں منگل کو وائرس سے مرنے والوں میں ایک 13 سالہ لڑکا اسماعیل محمد عبدالوہاب بھی شامل ہے۔

لندن کے کنگ کالج ہسپتال میں مرنے والے لڑکے کو برطانیہ میں وائرس سے کم عمر ترین ہلاکت قرار دیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں 30 مارچ کی صبح تک سرکاری اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 789 تھی تاہم انگلینڈ اور ویلز کے اعداد و شمار کے دفتر کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔

سرکاری اعداد و شمار صرف ان افراد کی موت کے جاری کیے جاتے ہیں جو ہسپتال لائے گئے ہوں اور ان کے ٹیسٹ مثبت آئے ہوں جبکہ دیگر ادارے ان کمیونٹیز سے ڈیٹا اکھٹا کرتے ہیں جہاں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آتے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے