پاکستان میں 100 ڈاکٹرز وائرس کا شکار
عالمی ادارہ صحت نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان میں 100 کے لگ بھگ ڈاکٹرز وبا کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ طبی عملے کے افراد اس کے علاوہ ہیں جن کی تعداد 40 کے زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں 55 بلوچستان کے 20، پنجاب کے 12، خیبرپختونخوا کے سات اور اسلام آباد کے پانچ ڈاکٹرز کے کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ گلگت بلتستان میں وائرس سے ایک ڈاکٹر کی ہلاکت بھی ہوئی۔
واضح رہے کہ یہ تعداد سرکاری ہسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کی ہے۔ نجی شعبے یا فلاحی اداروں میں اپنے طور پر مریضوں کی نگہداشت کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے عالمی وبا کے شکار ہونے کے اعداد و شمار تاحال سامنے نہیں آئے۔
رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ میں 27 نرسز اور طبی عملے کے افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں چار چار اور بلوچستان میں طبی عملے کے پانچ افراد میں وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا سے اب تک چار ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی سرکاری تعداد 58 بتائی جا رہی ہے۔

