متفرق خبریں

چیف جسٹس وائرس سے پاک ہیں: سپریم کورٹ

اپریل 14, 2020

چیف جسٹس وائرس سے پاک ہیں: سپریم کورٹ

پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد اور ان کے سٹاف کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن کے نتائج موصول ہو گئے ہیں۔

عدالت سے جاری بیان کے مطابق چیف جسٹس اور اہل خانہ کے علاوہ ان کے سیکریٹری کا ٹیسٹ بھی نیگیٹو ہے۔

منگل کی صبح سپریم کورٹ میں موجود ججز کے سٹاف میں شامل 20 سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ کے لیے سیمپلز لیے گئے۔

سپریم کورٹ کے ایک نائب قاصد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سٹاف کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

سپریم کورٹ میں ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جس نائب قاصد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے وہ چیف جسٹس کے چیمبر کی صفائی پر مامور تھے اور فائلوں کو ایک سے دوسرے دفتر بھی منتقل کرتے تھے۔

مذکورہ نائب قاصد سپریم کورٹ میں ہی رہائش پذیر تھے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی عمارت کے بیسمنٹ میں سکیورٹی پر موجود پولیس اہلکاروں اور ضروری سٹاف کو رہائشی کمرے دیے گئے ہیں۔

عدالتی سٹاف میں اس حوالے سے تشویش بھی ہے کہ ٹیسٹ نتائج تاخیر سے آنے کی وجہ سے ان کے اہل خانہ پریشان ہیں۔

ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ چیف جسٹس گلزار احمد کے کورونا ٹیسٹ کا نمونہ پیر کی شام ججز کالونی میں واقع ان کے گھر پر لیا گیا۔

سپریم کورٹ ذرائع کے مطابق دیگر تمام ججز اور سٹاف کا بھی کورونا ٹیسٹ ہوگا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے