ڈر ہے کہ بھوکے سڑکوں پر نہ آ جائیں: وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کو خطرہ کورونا سے نہیں بلکہ اس بات ہے کہ لاک ڈاؤن میں لوگوں کا کیا ہوگا۔
سنیچر کو میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ ‘ڈر ہے کہ لوگ بھوک سے سڑکوں پر آگئے تو لاک ڈاؤن کا فائدہ نہیں ہوگا۔ پولیس کو کہنا چاہتا ہوں کہ ڈنڈے مارنے کے بجائے لاک ڈاؤن کے لیے عوام کو سمجھائیں۔’
سنیچر کو تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے رمضان کے دوران مذہبی اجتماعات کی مشروط اجازت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا تو اس فیصلے پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے۔
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ وہ ائمہ اور خطیبوں سے اپیل کرتے ہیں کہ احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
‘اگر مسجد میں کورونا پھیل گیا تو نقصان مسجد کا ہی ہوگا، مسجد ویران ہو جائے گی۔ اسی طرح فیکڑی مالکان بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، نہ کیا تو نقصان آپ کا ہی ہوگا۔’

