جوڈیشل کونسل میں جسٹس فائز کا ٹیکس معاملہ دیکھنے والے ججز کون؟
پاکستان میں اعلی عدلیہ کے ججز کا کنڈکٹ دیکھنے، جائزہ لینے اور ان کے خلاف شکایات سننے والے آئینی فورم کو سپریم جوڈیشل کونسل کا نام دیا گیا ہے۔
اس آئینی فورم کی تشکیل کچھ اس طرح سے ہے کہ چیف جسٹس کونسل کے چیئرمین ہوتے ہیں۔ ان کے ساتھ سپریم کورٹ کے دو سینیئر ججز بیٹھتے ہیں۔
پانچ ارکان پر مشتمل سپریم جوڈیشل کونسل کے باقی دو ممبران ملک کی پانچ ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان میں سے دو سینیئر جسٹس ہوتے ہیں۔
موجودہ سپریم جوڈیشل کونسل میں چیئرمین چیف جسٹس گلزار احمد، ان کے ساتھ عدالت عظمی کے سینیئر ترین جسٹس مشیر عالم اور جسٹس عمر عطا بندیال ہیں۔
دیگر دو ممبران میں سے ایک پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ، اور ان کے ساتھ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس احمد علی شیخ ہیں۔
سپریم جوڈیشل کونسل کے سامنے اٹارنی جنرل نوٹس پر اور مدعا علیہ کے وکیل ہی بلانے پر پیش ہو سکتے ہیں۔

