پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو ہرا دیا
Reading Time: < 1 minuteعالمی وبا کورونا کے دوران دنیائے کرکٹ کی پہلی سیریز کھیلی جا رہی ہے جہاں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں چار وکٹوں سے شکست دے دی۔
انگلینڈ میں کھیلی جانے والی کرکٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے آخری دن ویسٹ انڈیز کو جیتنے کے لیے دو سو رنز کا ہدف ملا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جرمین بلیک وڈ نے 95 رنز کی اننگز کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب ٹیم کے تین کھلاڑی صرف 27 کے سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم بلیک وڈ انگلینڈ کے بولرز کے سامنے ڈٹ گئے۔
جرمین بلیک وڈ ویسٹ انڈیز کی فتح سے 11 رنز قبل بن سٹوک کی گینڈ پر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور 204 رنز کے جواب میں 318 رنز بنا کر پہلی اننگز میں 114 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔
سابق انڈین بلے باز سچن ٹنڈولکر نے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے بلیک وڈ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ویسٹ انڈیزکے کپتان جیسن ہولڈر نے پہلی اننگز میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھائی تھی اور چھ وکٹیں حاصل کیں۔