آغا افتخارالدین پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی سپریم کورٹ نے عدلیہ کی تضحیک اور جسٹس قاضی فائز کو دھمکی دینے والے ملزم افتخار الدین پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔
ملزم کو تحریری جواب دینے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی گئی۔
بدھ کواعلی عدلیہ کے ججز کی توہین اور جسٹس فائز عیسی کو قتل کی دھمکیوں کے نوٹس کیس کی سماعت کے دوران ملزم نے کہا کہ ”میں اپنے وڈیو بیان پر تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔ انتہائی شرمندہ ہوں قانون کے علاوہ بطور مسلمان بھی آپ سے معافی چاہتا ہوں۔“
افتخار الدین کا کہنا تھا کہ اللہ کی عدالت ہے، وہاں بھی جواب دینا ہے۔ مجھے وڈیو کی آپ لوڈنگ اور ایڈیٹنگ کا علم نہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ یہ معافی والا کیس نہیں ہے۔ آپ عدالت سے مذاق نہیں کر سکتے، اس طرح تو پاکستان کا سارا نظام فیل ہو جائے گا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ مسجد کے ممبر پر وہ زبان استعمال کر رہے تھے جو کوئی جاہل آدمی بھی نہیں کر سکتا۔